موسمی آفات کی وجہ سے چھ سال کے دوران 43.1 ملین بچے بے گھر ہوئے: یونیسف
تجزیاتی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ ا گلے 30 سالوں میں صرف دریاؤں میں سیلاب سے تقریبا 96 ملین بچے بے گھر ہو سکتے ہیں
- English
- Urdu
نیو یارک۔06 اکتوبر 2023: یونیسف کی جانب سے جاری کی گئی ایک نئی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق موسمی آفات کی وجہ سے 44 ممالک میں چھ سال کے عرصے میں 43.1 ملین بچے بے گھر ہوئے ،یعنی یومیہ 20ہزار بچوں کو نقل مکانی کرنی پڑی۔
یونیسف کی موسمیاتی تبدیلی سے بے گھر بچوں کے متعلق رپورٹ 2016 اور 2021 کے درمیان سیلاب، طوفان، خشک سالی اور جنگلات میں لگنے والی آگ کی وجہ سے بے گھر ہونے والے بچوں کی تعداد کا پہلا عالمی تجزیہ ہے ، جو اگلے 30 سالوں کا تخمینہ بھی پیش کرتی ہے۔
تجزیے کے مطابق چین اور فلپائن ان ممالک میں شامل ہیں جہاں موسم کی شدت ، بچوں کی بڑی آبادی اور قبل از وقت وارننگ اور انخلا کی سہولیات میں بہتری کی وجہ سے بچوں کی نقل مکانی کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی ہے۔ تاہم بچوں کی آبادی کے حجم کے لحاظ سے چھوٹے جزیروں پر مشتمل ریاستوں جیسے ڈومینیکا اور وانواتو میں رہنے والے بچے طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے جبکہ صومالیہ اور جنوبی سوڈان میں بچے سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔
اس حوالے سے یونیسف کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کیتھرین رسل کا کہنا تھا، ’’کسی بھی بچے کے لیے جنگلات کی آگ، طوفان یا سیلاب کا ان کے علاقے میں داخل ہوجانا ایک خوفناک تجربہ ہوتا ہے ۔ جو بچے اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوجاتے ہیں ، ان کے لیے خوف اور بے گھری کے اثرات خاص طور پر تباہ کن ہو سکتے ہیں، اور انہیں یہ پریشانی رہتی ہے کہ کیا وہ گھر واپس آسکیں گے، اسکول دوبارہ شروع کرسکیں گے، یا دوبارہ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوں گے۔ گھر چھوڑنے سے ان کی زندگیاں تو بچ جاتی ہیں، مگر یہ تجربہ ہر گز خوشگوار نہیں ہوتا۔ جیسے جیسے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات میں اضافہ ہوتا جائے گا، موسمی آفات کے تحت نقل مکانی میں بھی اضافہ ہوگا۔ ہمارے پاس بچوں کو درپیش اس مشکل کو حل کرنے کے لیے علم اور وسائل موجود ہیں مگر ہماری کوششیں بہت سست روی کا شکار ہیں۔ ہمیں لوگوں کو ان آفات کے لیے تیار کرنے، نقل مکانی کے خطرے سے دوچار بچوں کو تحفظ دینے اور پہلے سے بے گھر افراد کی مدد کرنے کےلیے اپنی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
ریکارڈ کے مطابق 2016 اور 2021 کے درمیان 40.9 ملین یا 95 فیصد بچے سیلاب اور طوفانوں کی بدولت بے گھر ہوئے ، جس کی ایک وجہ بہتر رپورٹنگ اور بڑی تعداد میں قبل از وقت انخلا تھا۔ دریں اثنا، خشک سالی کی وجہ سے 1.3 ملین سے زیادہ بچے اندرون ملک نقل مکانی پر مجبور ہوئے ، ان میں صومالیہ ایک بار پھر سب سے زیادہ متاثر ہوا ، جبکہ جنگلات میں لگنے والی آگ نے 810،000 بچوں کو بے گھر کر دیا ، جن میں سے ایک تہائی سے زیادہ صرف 2020 میں متاثر ہوئے ۔ کینیڈا، اسرائیل اور امریکہ میں سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی۔
تباہی کی صورت میں یا قبل از وقت انخلا کے نتیجے میں نقل مکانی کے فیصلے مجبوری میں اور اچانک کیے جاتے ہیں، جن سے زندگیاں بچ جاتی ہیں لیکن بہت سے بچوں کو بے گھر ہونے کے نتیجے میں بھی متعدد خطرات اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن میں اکثر طویل مدتی ہوتے ہیں۔
بچوں کو خاص طور پر ان ممالک میں نقل مکانی کے دوران خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو پہلے ہی تنازعات اور غربت جیسے بحرانوں سے نبرد آزما ہیں ، جہاں بچوں کی نقل مکانی جیسی اضافی مشکلات سے نمٹنے کی مقامی صلاحیتیں بہت محدود ہوتی ہیں۔
مثال کے طور پر ہیٹی ، جو پہلے ہی آفات کے نتیجے میں بچوں کی نقل مکانی کے شدید خطرے کے علاوہ تشدد اور غربت سے بھی دوچار ہے ، جبکہ ان خطرات کو کم کرنے اور مزید خطرات سے نمٹنے کے لیےضروری تیاری کی کوششوں میں سرمایہ کاری بہت محدود ہے۔ جبکہ موزمبیق موسم کی شدت سے غیر متناسب طور پر متاثر ہے ، جہاں شہری اور دیہی دونوں آبادیاں غربت کا شکار ہیں ۔ یہ وہ ممالک ہیں جہاں مستقبل میں نقل مکانی کے خطرے سے دوچار بچوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور ان خطرات سے نمٹنے کی صلاحیتیں اور مالی اعانت محدود ہے ۔ ان ممالک میں موسمی آفات کے خطرے کو کم کرنے، صلاحیتوں میں بہتری لانے، تیاری کی کوششیں بہتر کرنے اور مالی اعانت کو فروغ دینے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
انٹرنل ڈسپلیسمنٹ مانیٹرنگ سینٹر کی جانب سے تیار کردہ ڈیزاسٹر ڈسپلیسمنٹ رسک ماڈل کا استعمال کرتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ موسمیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر دریاؤں میں سیلاب سے اگلے 30 سالوں میں تقریبا 96 ملین بچے بے گھر ہوسکتے ہیں، جبکہ سمندری ہوائیں اور طوفانی لہریں اسی عرصے کے دوران بالترتیب 10.3 ملین اور 7.2 ملین بچوں کو بے گھر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں زیادہ مرتبہ اور زیادہ شدت کے ساتھ رونما ہونے والے موسمی واقعات کی بدولت خدشہ ہے کہ متاثر ہ بچوں کی اصل تعداد یقیناً ان تخمینوں سے زیادہ ہوگی۔
یونیسف شدید خطرات سے دوچار ممالک کی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے تاکہ نقل مکانی کے خطرے کو کم سے کم کرنے کے لیے بہتر تیاری اور عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے ۔اس کے علاوہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے بچوں کی بہتری سے ہم آہنگ حکمت عملی کی تیاری اور قدرتی آفات سے پہلے، دوران اور بعد میں بچوں کی حفاظت اور خدمات تک رسائی کے لیے لچکدار اور پورٹیبل سروسز کی فراہمی میں تعاون کرتا ہے۔
نومبر میں دبئی میں ہونے والی سی او پی 28 کلائمیٹ چینج سمٹ میں عالمی رہنماؤں کی شرکت کے پیش نظر یونیسف نے حکومتوں، عطیہ دہندگان، ترقیاتی شراکت داروں اور نجی شعبے پر زور دیا ہے کہ وہ مستقبل میں نقل مکانی کے خطرے سے دوچار بچوں اور نوجوانوں کے تحفظ اور انہیں اور ان کے خاندانوں کو تیار کرنے کے لیے مندرجہ ذیل اقدامات کریں:
تحفظ دیں:
بچوں اور نوجوانوں کو موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والی آفات اور نقل مکانی کے اثرات سے محفوظ رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تعلیم،صحت، غذائیت، سماجی تحفظ اور بچوں کے تحفظ کی سہولیات سمیت بچوں سے متعلق ا ہم خدمات مشکلات کے باوجود قابل ِ رسائی ، پورٹیبل اور جامع ہوں، اور ان لوگوں کی بھی رسائی میں ہوں جو پہلے ہی اپنے گھروں سے بے دخل ہو چکے ہیں۔
تیار کریں:
بچوں اور نوجوانوں کو موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ دنیا میں رہنے کے لئے تیار کریں، ان میں مطابقت پیدا کرنے کی صلاحیت اور لچک پیدا کریں ، اور جامع حل تلاش کرنے میں ان کی شرکت کو یقینی بنائیں۔
ترجیح دیں:
قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقدامات اور مالیاتی، انسانی اور ترقیاتی پالیسی، اور سرمایہ کاری میں بچوں اور نوجوانوں کو ترجیح دیں تاکہ وہ وقت سے پہلے ہی رونما ہونے والے مستقبل کی تیاری کر سکیں۔
#####
میڈیا رابطے
About UNICEF
UNICEF promotes the rights and wellbeing of every child, in everything we do. Together with our partners, we work in 190 countries and territories to translate that commitment into practical action, focusing special effort on reaching the most vulnerable and excluded children, to the benefit of all children, everywhere.
For more information about UNICEF and its work for children, visit www.unicef.org