پیرنیلا آئرن سائیڈ نے یونیسف پاکستان کی نئی سربراہ کی حیثیت سے فرائض سنبھال لیے
- English
- Urdu
اسلام آباد، 11 اگست 2025– یونیسف پاکستان کی نئی سربراہ، پیرنیلا آئرن سائیڈ نے آج وزارتِ خارجہ میں اسپیشل سیکریٹری (اقوام متحدہ)، نبیل منیرکو اپنی اسنادِ تقرری پیش کرنے کے بعد باضابطہ طور پر اپنے فرائض سنبھال لیے ہیں ۔
ملاقات کے دوران پیرنیلا آئرن سائیڈ نے پاکستانی بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے یونیسف کے عزم کا اعادہ کیا۔ نئی سربراہ کی حیثیت سے وہ یونیسف کے ملک گیر پروگرام کی قیادت کریں گی، جو بچوں کی فلاح و بہبود کے ایک جامع ماڈل پر مبنی ہے۔ یونیسف کا مقصد مربوط پروگرامنگ کے ذریعے پیدائش سے لے کر بلوغت تک بچوں کی پرورش، تعلیم، تحفظ اور مدد کو یقینی بنانا ہے۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے یونیسف کی سربراہ، پیرنیلا آئرن سائیڈ، نے کہا، ’’پاکستان میں بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے یونیسف کی خدمات کی قیادت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ بچوں کی متعدد ضروریات ہوتی ہیں مگر ان کی صلاحیتیں ان سے بھی کہیں بڑھ کر ہیں۔ میں مضبوط بنیادوں پر خدمات کو آگے بڑھانے اور حکومت، سول سوسائٹی، عوامی و نجی شعبوں اور بچوں کے حقوق کے پُرجوش حامیوں کے ساتھ قریبی شراکت داری کے ذریعے کام کرنے کی منتظر ہوں۔ ہمارے پاس مثبت اور دیرپا تبدیلی پیدا کرنے کا ایک اہم موقع ہے، جس سے فائدہ اٹھا کر ہر بچے کی ترقی کو حقیقی معنوں میں یقینی بنایا جا سکتا ہے۔‘‘
نئی سربراہ کی قیادت میں یونیسف حکومت پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا، جس میں طویل مدتی ترقیاتی معاونت اور انسانی ہمدردی پر مبنی امداد شامل ہے۔ اہم ترجیحات میں بچوں کی تعلیم تک رسائی اور تعلیمی نتائج میں بہتری کے لیے نظام کو مزید مستحکم کرنا، ماں اور نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال میں بہتری، بچوں میں غذائی قلت کا خاتمہ، پینے کے صاف پانی اور حفظان صحت کی سہولیات تک رسائی، بچوں کے تحفظ کے حفاظتی ڈھانچے کی مضبوطی اور پاکستان میں صنفی برابری کو فروغ دینا شامل ہیں۔
محترمہ آئرن سائیڈ کینیڈا کی شہری ہیں اور یونیسف میں بین الاقوامی ترقی، انسانی ہمدردی پر مبنی اقدامات اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے شعبوں میں گزشتہ بیس سال سے زائد عرصے سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اپنی حالیہ تقرری سے قبل وہ نیویارک میں یونیسف ہیڈکوارٹر میں ڈیٹا، منصوبہ بندی، تجزیات اور مانیٹرنگ کی ڈپٹی ڈائریکٹر، نائجیریا میں ڈپٹی ریپریزنٹیٹو، عراق میں چیف آف فیلڈ آپریشنز اور غزہ میں فیلڈ آفس کی سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے علاوہ یمن اور مشرقی کانگو میں بھی فرائض ادا کر چکی ہیں۔
محترمہ آئرن سائیڈ نے مزید کہا، ’’پاکستان کی تقریباً نصف آبادی 18 سال سے کم عمر اور دو تہائی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے پاکستان میں ترقی کےغیر معمولی امکانات موجود ہیں۔ یہ نوجوان آبادی تبدیلی کا محرک بن سکتی ہے۔ تعلیم، بچپن اور نوزائیدہ کی دیکھ بھال، غذائیت، پینے کے صاف پانی، بچوں کے تحفظ اور ماحولیاتی استحکام میں سرمایہ کاری کر کے ہم بچوں اور نوجوانوں کی صلاحیتوں اور تخلیقی قوتوں کو اجاگر کر سکتے ہیں تاکہ ترقی اور خوشحالی کے عمل کو فروغ مل سکے۔ میں یونیسف پاکستان کے مشن کی قیادت کرنے اور ہر بچے کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہوں۔‘‘
میڈیا رابطے
About UNICEF
UNICEF promotes the rights and wellbeing of every child, in everything we do. Together with our partners, we work in 190 countries and territories to translate that commitment into practical action, focusing special effort on reaching the most vulnerable and excluded children, to the benefit of all children, everywhere.
For more information about UNICEF and its work for children, visit www.unicef.org