یونیسف پاکستان کے سربراہ
عبداللہ فاضل
- میں دستیاب ہے:
- English
- Urdu

عبداللہ فاضل مئی 2022 سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے بچَوں کے فنڈ (یونیسف) کے سربراہ ہیں۔ وہ حکومت کے ساتھ شراکت داری میں متعدد شعبوں میں تعاون پر محیط یونیسف کنٹری پروگرام (2023-2027) کی قیادت کر رہے ہیں جو قومی ترقیاتی منصوبے پر عمل درآمد میں مدد فراہم کرے گا۔
عبداللہ فاضل اسٹریٹجک مینجمنٹ، امن سازی اور قیام امن، بین الاقوامی انسانی امداد اور ترقیاتی امور، عوامی انتظام، اور سیاسی جائزہ و تجزیے کے علاوہ افریقہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ میں بین الاقوامی انسانی امداد اور ایڈووکسی کے شعبوں میں 20 سال سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں۔
اپنی حالیہ ذمہ داری سے قبل، انہوں نے سوڈان میں یونیسف کے نمائندے اور شام میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی نگرانی کے نظام کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں، اور اپنی اس حیثیت میں انہوں نے اردن، ترکی اورعراق سے شامی شہریوں کو امداد کی فراہمی پر کام کیا۔ انہوں نے شام میں اقوام متحدہ کے مشترکہ مشن کے تحت، ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور چیف آف اسٹاف کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ یہ مشرق وسطیٰ میں اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی نگرانی کی تنظیم (UNTSO) کے چیف آف مشن سپورٹ بھی رہ چکے ہیں۔
عبداللہ فاضل نے سوڈان میں اقوام متحدہ کے مشن (UNMIS)، بین الاقوامی سول ایوی ایشن کی تنظیم (ICAO)، دارفور میں اقوام متحدہ کے افریقی یونین کے مشن (UNAMID)، نیویارک میں قیام ِامن کے آپریشنزکے محکمے (DPKO) ، کوسووو میں اقوام متحدہ کے عبوری انتظامیہ کے مشن، یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم (OSCE) اور کینیڈا میں میک گل یونیورسٹی کے ساتھ بھی خدمات انجام دی ہیں۔
عبداللہ فاضل دو ماسٹرز ان سائنس کی ڈگریاں رکھتے ہیں جن میں سے ایک لندن اسکول آف اورینٹل اینڈ افریقن اسٹڈیز سے پبلک پالیسی اینڈ مینجمنٹ کے شعبے میں جبکہ دوسری لندن اسکول آف اکنامکس سے انڈسٹریل ریلیشنز اینڈ پرسنل مینجمنٹ میں ہے ۔ وہ کینیڈا کے شہری ہیں، شادی شدہ ہیں اور چار بچوں کے والد ہیں۔