جاپان پاکستان کو پولیو ویکسین کی خریداری کے لیے 4.57 ملین ڈالر کی گرانٹ دے رہا ہے

27 جنوری 2021
Three people shown as signing the agreement in a merged photo. Left to right. Mr. Shigeki Furuta, JICA Chief Representative; Ms. Aida Girma, Country Representative, UNICEF Pakistan; H.E. MATSUDA Kuninori, Ambassador of Japan.
UNICEF/Polio
پاکستان میں جائیکا کے سربراہ شیگے کی فوروٹا، سربراہ یونیسیف پاکستان آئیڈا گرما، اور جاپان کے سفیر جناب میٹسوڈا کونی نوری معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے

اسلام آباد، پاکستان - 27 جنوری 2021: حکومت جاپان پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لئے 4.57 ملین ڈالر کی امداد دے رہا ہے، مذکورہ گرانٹ سے 23.66 ملین ویکسین ڈوز کی خریداری کی جائے گی۔ اس گرانٹ کی مدد سے 2021 میں ہونے والی انسداد پولیو مہمات میں 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ اس حوالے سےحکومتِ جاپان، یونیسف اور جاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی (جائیکا) کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔

جاری ہونے والے بیان میں وزیراعظم کے معاون برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ملک سے پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے حتیٰ کہ حکومت کورونا کی عالمی وبا جیسے سخت حالات میں بھی انسدادِ پولیو مہمات کا کامیابی سے انعقاد کر رہی ہے۔ حکومتِ پاکستان، جاپانی حکومت اورعوام کا پاکستان کے ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی کو ممکن بنانے کیلئے دی جانے والی اس بروقت گرانٹ کے حوالے سے شکریہ ادا کرتی ہے۔ امید ہے کہ ہم سب مل کر بہت جلد نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھرکر پولیو سے پاک کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر جناب میٹسوڈا کونی نوری نے کورونا وبا کے پھیلاو کے باوجود پولیو کے ہراول ورکران کی بہادری اور انتھک کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جاپان، یونیسف کے ساتھ مشترکہ کوششوں سے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستانی عوام کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

اس موقع پر جائیکا کے سربراہ شیگے کی فوروٹا نے کہا کہ کورونا وبا کے باوجود انسدادِ پولیو مہمات کا انعقاد حکومتِ پاکستان کا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے۔ اس گرانٹ کے ذریعے یونیسف پولیو وائرس سےمتاثرہ علاقوں میں رہنے والے  بچوں کیلئے پولیو سے بچاؤ کی ویکسین خریدے گا۔ اگرچہ پولیو سے مکمل چھٹکارا حاصل کرنا ایک مشکل مرحلہ ہے تاہم ہم سب مل کر اس ہدف کے جلد از جلد حصول کیلئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔

سربراہ یونیسف آئیڈا گرما نے حکومتِ پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال کورونا وبا کے باعث مارچ سے جولائی تک 39 ملین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں دیئے جاسکے جس سے بچوں کی قوت مدافعت میں کمی آئی۔ تاہم پولیو پروگرام کی جدوجہد سے جولائی کے بعد دوبارہ انسدادِ پولیو مہمات کا انعقاد ممکن ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ جاپان سے ملنے والی گرانٹ سے انسدادِ پولیو مہمات میں بہتری آئے گی اور بچوں کی قوت مدافعت میں اضافے کے ذریعے پولیو کے خاتمے کے ہدف کے حصول میں آسانی آئے گی۔

پاکستان کو موجودہ وقت میں پولیو کے خاتمے کے سلسلے میں بیشتر چیلنجز کاسامنا ہے۔19 جنوری 2021 تک کے اعدادو شمار کے مطابق ملک میں پولیو کے 84 کیسز سامنے آئے جن میں بلوچستان سے 26، خیبرپختونخوا سے 22 ، سندھ سے 22، اور پنجاب سے 14 کیسز رپورٹ ہوئے۔ کورونا وبا کے باعث مارچ سے جولائی 2020ء کے وسط تک ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہمات کا انعقاد نہیں ہوسکا تھا تاہم جولائی کے وسط کے بعد ملک بھر دوبارہ سے پولیو مہمات کا آغاز کر دیا گیا۔

حکومتِ جاپان  1996 سے اب تک پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان پولیو پروگرام کے ساتھ تعاون کررہا ہے۔ اس دوران حکومتِ جاپان، یونیسف کے ذریعے پاکستان کو 226.37 ملین ڈالر کی گرانٹ اور قرضہ جات کے ذریعے پولیو پروگرام  کیلئے امداد فراہم کر چکا ہے۔

###

نوٹ برائے ایڈیٹر:

پولیو سے پانچ سال تک کے عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔ اس موذی مرض سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوا کر چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔ بار بار پولیو قطرے پلوانے سے دنیا کے تمام ممالک پولیو سے پاک ہو چکے ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں بڑھ چڑھ حصہ لینا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔

مزید معلومات کے لیے رابطہ کریں:

میڈیا رابطے

Abdul Sami Malik
Communication Specialist
UNICEF Pakistan
ٹیلیفون: +92-300-855-6654
ٹیلیفون: +92-51-209-7811
ای میل: asmalik@unicef.org

About UNICEF

UNICEF promotes the rights and wellbeing of every child, in everything we do. Together with our partners, we work in 190 countries and territories to translate that commitment into practical action, focusing special effort on reaching the most vulnerable and excluded children, to the benefit of all children, everywhere.

For more information about UNICEF and its work for children, visit www.unicef.org

Follow UNICEF on Twitter, Instagram and Facebook